مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف افریقی ملک ایتھوپیا کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے ایران واپس پہنچ گئے ہیں۔
دورے سے واپسی پر تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقہ کی پانچویں بڑی معیشت ہے اور برکس تنظیم کا حصہ ہونے کے ناطے ایران کے لیے اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران اتھوپیا کے وزیر اعظم، قومی اسمبلی کے سربراہ اور اسلامی اعلیٰ کونسل کے صدر سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں سیاسی اور اقتصادی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قالیباف نے زور دیا کہ اس دورے میں خاص طور پر اس بات پر توجہ دی گئی کہ برکس کے ڈھانچے کے اندر اقتصادی مسائل خاص طور پر بینکاری مسائل کو حل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایتھوپیا کا ایران میں کوئی سفیر موجود نہیں ہے۔ دورے کے دوران اتھوپین رہنماؤں سے بات چیت کے بعد یہ طے پایا کہ اتیوپیا جلد از جلد اپنا سفیر ایران میں تعینات کرے گا۔
آپ کا تبصرہ